تاج محل تیرے لئے اک مظہرِ الفت ہی سہی
تجھ کو اس وادئ رنگین سے عقیدت ہی سہی
میرے محبوب کہیں اور ملا کر مجھ سے
بزمِ شاہی میں غریبوں کا گزر، کیا معنی؟
ثبت جس راہ میں ہوں سطوتِ شاہی کا نشاں
اس پہ الفت بھری روحوں کا سفر کیا معنی؟
میرے محبوب پسِ پردۂ تشہیرِ وفا،
تو نے سطوت کے نشانوں کو تو دیکھا ہوتا!
مردہ شاہوں کے مقابر سے بہلنے والی،
اپنے تاریک مکانوں کو تو دیکھا ہوتا۔!
ان گنت لوگوں نے دنیا میں محبت کی ہے
کون کہتا ہے کہ صادق نہ تھے جذبے انکے؟
لیکن ان کیلئے تشہیر کا سامان نہیں،
کیونکہ وہ لوگ بھی اپنی ہی طرح مفلس تھے۔۔
یہ عمارات و مقابر ، یہ فصیلیں یہ حصار،
مطلق الحکم شہنشاہوں کی عظمت کے ستوں،
سینۂ دہر کے ناسور میں کہنہ ناسور،
جذب ہے ان میں تیرے اور میرے اجداد کا خوں
میرے محبوب انہیں بھی تو محبت ہوگی!
جن کی صنائی نے بخشی ہے اسے شکلِ جمیل،
اُن کے پیاروں کے مقابر رہے بے نام و نمود،
آج تک ان پہ جلائی نہ کسی نے قندیل!
یہ چمن زار، یہ جمنا کا کنارہ، یہ محل
یہ منقش در و دیوار، یہ محراب، یہ طاق۔
اک شہنشاہ نے دولت کا سہارا لے کر،
ہم غریبوں کی محبت کا اڑایا ہے مذاق۔
میرے محبوب کہیں اور ملا کر مجھ سے۔
Ravi Magazine is a tribute to Ravians, alumni of GCU Lahore, who over a history of 150 years shaped Arts, Literature, Politics and History of South Asia. Click here to learn about the Ravians in top banner.
Ghazal singing is unique genre from South Asia, which beautifully marries Urdu Love Poetry with Classical music. Download 100 Best Ghazals Ever in MP3, including Mehdi Hassan, Nusrat Fateh Ali, Jagjit and Chitra Singh, Tina Sani and more.